ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منکال وئیدیا کی آننت کمار ہیگڈے کو ہدایت؛ ہمیں تنقیدوں کا نشانہ بنانے کے بجائے ضلع کے لئے اشد ضروری ریلوے لائن کاکام انجام دیں

منکال وئیدیا کی آننت کمار ہیگڈے کو ہدایت؛ ہمیں تنقیدوں کا نشانہ بنانے کے بجائے ضلع کے لئے اشد ضروری ریلوے لائن کاکام انجام دیں

Fri, 03 Nov 2017 18:16:53    ق

بھٹکل:3/ نومبر (ایس اؤنیوز) مرکزی وزیر اور اُترکنڑا رکن پارلیمان آننت کمار ہیگڈے ہمیں اپنی تنقیدوں کا نشانہ بناکر عوام کو بے وقوف بنانے کے بجائے ضلع کے لئے اشد ضروری ہوناور۔تالگوپہ اور انکولہ ۔ ہبلی ریلوے لائن کا کام مکمل کرکے دکھائیں۔ ان خیالات کا اظہار بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔  وہ یہاں کانگریس پارٹی کی طرف سے مرڈیشور میں منعقدہ ریاستی حکومت کے پروگراموں کی جائزہ میٹنگ میں بات کررہے تھے۔

جے ڈی ایس کی جانب سے حال ہی میں منکال وئیدیا  کے  ایک ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں پر اُٹھائے گئے سوالات پر پھر ایک بار اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ ایک ہزار کروڑ روپئے بھٹکل حلقہ میں خرچ کئے جانے کے تعلق سے عوام میں جو بحث چل رہی ہے، اُس سے ہماری مفت میں پبلسٹی ہورہی ہے۔ منکال نے کہا کہ  میں نے اپنے ساڑھے چار سالہ میعاد میں کی گئی  کارکردگی کی معلومات بینروں اور ہورڈنگس کے ذریعے  دی ہیں، انہوں نے مرکزی وزیر آننت کمار ہیگڈے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے لئے بھی موقع ہے کہ وہ اپنی 25 سالہ سیاسی کارکردگی کی فہرست بینروں کے ذریعے عوام کے سامنے پیش کریں۔

منکال وئیدیا نے کہا کہ اُن کے  ایک  حلقہ کے لئے 1لاکھ سے 200کروڑ روپیوں تک کے کاموں کو سرکاری طورپر منظوری ملی ہے۔ ان کے مطابق ’’نمہّ گراما۔نمہ رستے ‘‘ منصوبہ کے تحت 224ودھان سبھا حلقوں میں سے صرف میرے ایک حلقہ کے لئے ہی 130کروڑ روپئے ایک ہی محکمہ سےمنظور ہوئے ہیں، اسی محکمہ سے مزید20کروڑ روپئے منظور ہونے کی توقع ہے ۔ بھٹکل ہوناور حلقہ کے غریب اور بیمار زدہ لوگوں کے درمیان وزیرا علیٰ معاوضہ فنڈ سے قریب 3کروڑ روپئے کا تعاون ملا ہے۔ ہر مہینہ کم سے کم 25لوگوں کے درمیان معاوضہ چک تقسیم کررہاہوں،

منکال وئیدیا کی بات مانیں تو بھٹکل  ریاست میں دوسرا حلقہ ہے جہاں اتنی خطیر رقم بطور معاوضہ ادا کی گئی ہے۔ منکال کے مطابق وزیر اعلیٰ سدرامیا  اور ضلع کے نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے نے اتنی بڑی رقم منظور کروانے میں  بھرپور تعاون دیا ہے۔ مرکز میں بھی وزیر اعظم معاوضہ فنڈ ہے ، انہیں 5لاکھ روپیوں تک کا معاوضہ دینے کی چھوٹ ہے ، میرے حلقہ کو 3لاکھ روپیو ں کا معاوضہ وہیں سے آیاہے ، جس کو ہم نے آن لائن درخواست دے کر خود منگوایا ہے اور اس کے پورے ثبوت ودستاویزات میرے پاس موجود ہیں۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی نائب صدر ڈی آر پاٹل ، جنرل سکریٹری ایل ایم مورتی، سکریٹری راج نندنی ، ضلع کانگریس صدر بھیمنا نائک، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، اُلاس نائک وغیرہ موجود تھے۔ بھٹکل بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک نے استقبال کیا تو منکی بلاک کانگریس صدر چندرگوڈا نے شکریہ اداکیا۔


Share: